صیہونی حکومت کا جنگی جنون انتہا پر، مظلوم فلسطینیوں کی شہادتیں 500 سے تجاوز کرگئیں

 

ٹی وی شیعہ[نیٹ نیوز[
غزہ پر صیہونی حکومت کے مظالم بڑھتے جا رہے ہیں، چند گھنٹوں میں پچاس کے قریب فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ جن میں اکثر عورتیں اور بچے ہیں۔ گذشتہ روز کی بمباری کے بعد اب بھی ملبے سے لاشیں نکالی جا رہی ہیں۔ غزہ میں گذشتہ روز صیہونی حکومت کی وحشیانہ کارروائی میں 120 کے قریب نہتے فلسطینی شہید ہوئے تھے۔ آج کے حملوں سے لگتا ہے کہ صیہونی ریاست اس ریکارڈ تعداد کو پار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، چند گھنٹوں میں طیاروں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولہ باری کرکے 47 افراد کو شہید کر دیا گیا ہے، ایک گھر پر حملے میں 7 بچوں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے جو تمام ایک ہی خاندان سے تھے۔
دوسری طرف اتوار کو کئے گئے حملوں کے بعد تباہ ہونے والے مکانات سے لاشیں نکالے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ غزہ سٹی کے ایک گھر سے 16 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ جس سے چودہ روزہ کارروائی میں شہید ہونے والوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی ہے۔ صیہونی حکومت حماس کے ٹھکانے تباہ کرنے کے نام پر فلسطینوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، تاہم مارے جانے والے کم ہی افراد ایسے ہیں جن کا تعلق کسی مزاحمتی تنظیم سے تھا۔ گذشتہ روز صیہونی حکومت کے لیے بھی برا دن ثابت ہوا، جب مزاحمت کاروں سے جھڑپ میں اس کے تیرہ فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ امریکی انتظامیہ کے مطابق غزہ میں مارے گئے دو فوجی امریکی شہری تھے اور یہ بھی واضح نہیں کہ ان کے پاس اسرائیلی شہریت تھی یا نہیں۔

Add new comment