روزانہ کے نوافل کا وقت
(۷۵۶) ظہر کی نفل ، ظہر سے پہلے پڑھی جاتی ہے ۔ اس کا وقت اول ظہر سے ہے اور اس وقت تک باقی رہتا ہے جب تک سے نماز ظہر اسے پہلے ادا کرنا ممکن ہو۔ لیکن اگر کوئی شخص ظہر کی نفل اس وقت تک موخر کردے کہ شاخص کے سائے کی وہ مقدار جو ظہر کے بعدپیدا ہو سات میں سے دو حصوں کے برابر ہوجائے۔مثلاً شاخص کی لمبائی سات بالشت اور سایہ کی مقدار دوبالشت ہو تو اس صورت میں بہتر یہ ہے کہ انسان ظہر کی نفل پہلے پڑھے سوائے اس کے کہ اس وقت تک نفل کی ایک رکعت مکمل کرچکا ہو کہ اس صورت میں نفل کو پہلے مکمل کرنا بہتر ہے۔
(۷۵۷) عصر کی نافلہ ، عصر کی نماز سے پہلے پڑھی جاتی ہے اور جب تک ممکن ہواسے عصر کی نماز سے پہلے پڑھا جائے اس کا وقت باقی رہتا ہے لیکن اگر کوئی شخص عصر کی نفلیں اس وقت تک موخر کردے کہ شاخص کے سائے کی وہ مقدار جو ظہر کے بعد پیدا ہو سات میں سے چار حصوں تک پہنچ جائے تو اس صورت میں بہتر ہے کہ انسان عصر کی نماز نافلہ سے پہلے پڑھ لے سوائے اس صورت میں کہ جس کا تذکرہ پچھلے مسئلے میں کیا گیا۔
(۷۵۸) مغرب کی نافلہ کا وقت نماز مغرب ختم ہونے کے بعد ہوتا ہے اور جہاں تک ممکن ہو اسے مغرب کی نماز کے بعد وقت کے اندر ہی انجام دے دیا جائے۔ لیکن اگر کوئی شخص اس سرخی کے ختم ہونے تک جو سورج کے غروب ہونے کے بعد آسمان میں دکھائی دیتی ہے مغرب کی نافلہ میں تاخیر کرے تو اس وقت بہتر یہ ہے کہ پہلے عشاء کی نماز پڑھے۔
(۷۵۹) عشاء کی نافلہ کا وقت نماز ختم ہونے کے بعد سے آدھی رات تک ہے اور بہتر ہے کہ نماز عشاء ختم ہونے کے فوراً بعد پڑھی جائے۔
(۷۶۰) صبح کی نفلیں صبح کی نماز سے پہلے پڑھی جاتی ہیں اور اس کا وقت نماز شب کا وقت شروع ہونے کے اتنی دیر بعد شروع ہوتا ہے جس میں نماز شب ادا کی جاسکے اور اس وقت تک باقی رہتا ہے کہ جب تک صبح کی نماز سے پہلے اس کی ادائیگی ممکن ہو لیکن اگر کوئی شخص صبح کی نفلیں مشرق کی سرخی ظاہر ہونے تک نہ پڑھے تو اس صورت میں بہتر یہ ہے کہ پہلے صبح کی نماز پڑھے۔
(۷۶۱) نماز شب کا اول وقت مشہور قول کی بنا پر آدھی رات ہے یہ اگر چہ احوط و بہتر ہے لیکن بعید نہیں ہے کہ اس کا وقت رات کی ابتداء سے شروع ہواور صبح کی اذان تک باقی رہے اور بہتر یہ ہے کہ صبح کی اذان کے قریب پڑھی جائے۔
(۷۶۲) اگر کوئی شخص اس وقت بیدار ہو جب صبح طلوع ہورہی ہو تو وہ ادا اور قضا کی نیت کے بغیر نماز شب ادا کرسکتا ہے۔
http://www.shiastudies.com/library/Subpage/Book_Matn.php?syslang=4&id=48...
Add new comment