بلوچ علیحدگی پسندوں کیلئے لایا جانے والا اسلحہ پکڑاگیا

ٹی وی شیعہ[ویب ڈیسک]بلوچستان میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے افغانستان سے آنیوالے اسلحہ کی بہت بڑی مقدار برآمد کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی پولیس نے مشترکہ کاروائی کے ذریعے جنگل پیر علیزئی میں حساس اداروں کی نشاندہی پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بم دھماکوں میں استعمال ہونے والا بارود اور دیگر اشیاء برآمد کیں۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں ایس این جی کلاشنکوف 100عدد، جی تھری پسٹل 145 عدد، شارٹ گن 9 عدد، رائفل فٹنگ 4 عدد، سنائپر ٹیلی سکوپ 10 عدد، 2 ہزار راؤنڈ، 70 بیگ دھماکہ خیز مواد سوئچر، 50 عدد ڈیٹونیٹر، 200 پرائما کارڈ اور 45 ریمورٹ بھی شامل ہیں۔ ایف سی مددگار سینٹر میں میڈیا کو پولیس اور ایف سی کی کاروائی میں پکڑے گئے اسلحہ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ افغانستان کے اندر سے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں مداخلت کر کے انتشار پھلایا جا رہا ہے۔ پاک افغان سرحدی علاقے اسپین بولدک میں علیحدگی پسندوں کے 34 تربیتی کیمپ موجود ہیں۔ اس موقع پر سی سی پی او عبدالرازق چیمہ، کمانڈنٹ غزہ بند اسکاؤنٹس کرنل مقبول شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ دہشت گردوں کو اسلحہ سپلائی کرنے کی بڑی سازش کو ایف سی اور پولیس نے ملکر ناکام بنایا ہے۔ بلوچ علیحدگی پسندوں کیلئے لایا جانے والا اسلحہ سکیورٹی فورسز نے پکڑ کر کوئٹہ کو بڑی دہشت گردی سے بچالیا ہے۔ دہشتگرد عناصر بلوچستان اور پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ ان عناصر کو بھارتی خفیہ ادارے ’’را‘‘ کی سرپرستی حاصل ہے۔ بلوچستان میں فراری کیمپوں کی صحیح تعداد نہیں بتائی جا سکتی۔ بلوچستان میں غیر ملکی مداخلت کے ثبوت سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے پیش کئے تھے۔ صوبے میں امن و امان کی بہتری کیلئے ایف سی کو پولیس کے اختیارات میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ کافی عرصہ سے انٹیلی جنس کو اطلاع تھی جس کیلئے مسلسل کام جاری تھا گذشتہ روز انٹیلی جنس اداروں کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ایک ٹرک کو قبضے میں لے لیا۔ جو اسلحہ اور دیگر بارودی مواد لیکر کوئٹہ میں داخل ہو رہا تھا یہ اسلحہ بلوچ علیحدگی پسند دہشت گردوں کیلئے لے جایا جا رہا تھا جسے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی بلوچستان اور خاص کر کوئٹہ کو ایک بہت بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حال ہی میں پاروت اور پنجگور میں ایف سی نے کامیاب آپریشنز کئے اور سماج دشمن عناصر کو کافی نقصان پہنچایا ہے یہ دہشتگرد پاکستان اور بلوچستان میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ علیحدگی پسندوں کے 34 کیمپس افغانستان میں موجود ہیں۔ جہاں انہیں اسلحہ پیسے اور تربیت دیکر دہشت گردی کیلئے پاکستان اور بلوچستان میں بھیجا جاتا ہے۔ ان کا مقصد صرف پاکستان کو کمزور کرنا ہے مگر ہم واضح کرتے ہیں کہ ان کے عزائم کو خاک میں ملا کر پاکستان اور بلوچستان کو امن کا گہوارا بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران 2افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو پاکستانی شہریت رکھتے ہیں، ان کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فراری کیمپوں کی صحیح تعداد نہیں بتائی جا سکتی۔

رپورٹ: کے آئی خان

Add new comment