پشاور میں خودکش حملے اور کوئٹہ میں بم دھماکہ،متعدد ہلاک و زخمی
ٹی وی شیعہ[میڈیا ڈیسک] پشاور میں خودکش حملے اور کوئٹہ میں بم دھماکے میں 21 افراد جاں بحق، 75 زخمی ہو گئے۔ جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکوں سے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ کالعدم تحریک طالبان نے خودکش حملے اور بم دھماکے سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔ پشاور کینٹ میں سربند کے علاقے بھٹہ تل بازار میں پولیس کی بکتربند گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے سمیت 10افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پولیس اور ایف سی اہلکاروں سمیت 40 افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ بھٹہ تل بازار میں دھماکے کے مقام پر پٹرول پمپ اور قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ایس پی کینٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھٹہ تل بازار خودکش حملے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں میں پولیس اہلکاروں اور عام لوگوں کے علاوہ ایف سی کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ دہشت گردوں نے پولیس کی بکتر بند گاڑی پر خودکش حملہ کیا۔ بکتربند گاڑی میں سوار اہلکار محفوظ رہے جبکہ راہگیر زد میںآ گئے۔ دوسری جانب کوئٹہ میں پرنس روڈ پر سائنس کالج کے قریب ایف سی کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 11افراد جاں بحق اور 38 سے زائد زخمی ہوگئے‘ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے بعد متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث متعدد زخمی جھلس گئے۔ متعدد گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ انتظامیہ نے سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ دھماکے کے وقت سائنس کالج میں میٹرک کے امتحانات جاری تھے، دھماکہ کے بعد امتحان دینے والے طلبا و طالبات میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے شہر کے وسطی علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے سرچ آپریشن کیا۔ دھماکہ سے ایک بس اور 3 رکشے بھی تباہ ہوئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ 5 کلو سے زائد دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا، دھماکہ ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا۔
Add new comment