حضرت فاطمہ[ع] کی شہادت کے بعد امام علیؑ کا خطبہ

رسول کریم کے انتقال پر ملال کو ابھی ۱۰۰ دن بھی نہ گزرے تھے کہ آپ کی رفیقہ حیات حضرت فاطمتہ الزھرا اپنے پدر بزرگوار کی وفات کے صدمے وغیرہ سے بتاریخ ۲۰ جمادی الثانیہ ۱۱ء ہجری انتقال فرما گئیں۔ حضرت علیؑ نے وصیت فاطمہ کے مطابق حضرت ابو بکر ، حضرت عمر، حضرت عائشہ وغیر ہم کو شریک جنازہ نہیں ہونے دیا۔ا ور شب کے تاریک پردے میں حضرت فاطمتہ الزہرا کو سپرد خاک فرما دیا۔ اور زمین سے مخاطب ہو کر کہا۔ ”یاَ ارضُ اَسَتودعکِ وَ دِ یَعتیِ ھَذاَ بنتُ رسول اللّٰہ“ اے زمین میں اپنی امانت تیرے سپر کر رہا ہوں، اے زمین یہ رسول کی بیٹی ہیں۔ زمین نے جواب دیا ۔”یاعَلیَ اَناَ ارفقُ بِھاَ مِنکَ “اے علیؑ آپ گھبرائیں نہیں۔ میں آپ سے زیادہ نرمی کروں گی۔

حضرت علیؑ کا خطبہ

زمین سے مخاطبہ کے بعد آپ نے سرور کائنات کو مخاطب کر کے کہا، یا رسول اللہ آپ کو میری جانب سے اورآپ کی پڑوس میں اترنے والی اور آپ سے جلد ملحق ہونے والی آپ کی بیٹی کی طرف سے سلام ہو۔ یا رسول اللہ آپ کی برگزیدہ بیٹی کی رحلت سے میرا صبر و شکیب جا تا رہا۔ میری ہمت و توانائی نے ساتھ چھوڑ دیا۔ لیکن آپ کی مفارقت کے حادثہ عظمیٰ اور آپ کی رحلت کے بعد صدمہ جانکاہ پر صبر کر لینے کے بعد مجھے اس مصیبت پر بھی صبرو و شکیبائی ہی سے کام لینا پڑے گا۔ جبکہ میں نے اپنے ہاتھوں سے آپ کو قبر کی لحد میں اتار ا اور اس عالم میں آپ کی روح نے پروازکی کہ آپ کا سر میری گردن کے درمیان رکھا ہو اتھا۔ (اِناَ لِلہ وَاِناََ اِلیہَ رَاجِعون)اب یہ امانت پلٹائی گئی ۔ گروی رکھی ہوئی چیز چھڑالی گئی ۔ لیکن میرا غم بے پایاں اور میری راتیں بے خواب رہیں گی۔ یہاں تک کہ خدا وند عالم میرے لیے بھی اسی گھر کو منتخب کر ے۔ جس میں آپ رونق افروز ہیں (یا رسول اللہ )وہ وقت آ گیا کہ آپ کی بیٹی آپ کو بتائیں کہ کس طرح آپ کی امت نے ان پر ظلم ڈھانے کے لیے ایکاکر لیا۔ آپ ان سے پورے طور پر پوچھیں اور تمام احوال و واردات دریافت کریں۔ یہ ساری مصیبتیں ان پر بیت گئیں۔ حالانکہ آپ کو گذرے ہوئے کچھ زیادہ عرصہ نہیں ہوا تھا۔ اور نہ آپ کے تذکروں سے زبانیں بند ہوئی تھیں۔آپ دونوں پر میرا سلام رخصتی ہو۔ ایسا سلام جو کسی ملول و دل تنگ کی طرف سے ہوتا ہے ۔ اب اگر میں (اس جگہ سے )پلٹ جاؤں تواس لیے نہیں کہ آپ سے میرا دل بھر گیا ہے اور اگر ٹھہرا رہوں تو اس لیے نہیں کہ میں اس وعدہ سے بد ظن ہوں۔جو اللہ نے صبر کرنے والوں سے کیا ہے ۔ 

http://urdu.duas.org/masoomeen/Ali/zindagi.htm

Add new comment