نماز جنازہ پڑھنے کا آسان طریقہ

علامہ مجلسی(علیہ الرحمہ) زاد المعاد میں نماز میت کے باب میں فرماتے ہیں جس کا خلاصہ یہ ہے نماز میت کا پڑھنا ہر ایسے مسلمان پر واجب ہے ۔جسے کسی مومن مسلمان کے مرنے کی اطلاع ہوجائے اگر ان میں سے کوئی ایک مسلمان بھی یہ نماز ادا کردے تو یہ دوسرے تمام مسلمانوں سے ساقط ہوجاتی ہے بلا اختلاف یہ نماز ہر بالغ شیعہ اثنا عشری کے لیے پڑھنا واجب ہے اور زیادہ مشہور اور قوی امر یہی ہے کہ چھ ماہ کے بچے کی میت پر بھی یہ نماز پڑھنا واجب ہے ، ظاہر یہ ہے کہ اس نماز کو قربةً الی الله کے قصد سے ادا کرنے پر اکتفا کیا جائے اگر چھ ماہ سے کم عمر کا بچہ زندہ پیدا ہوا ہو اور مرجائے تو بعض علماء اس پر نماز پڑھنا مستحب سمجھتے ہیں اور بعض اسے بدعت جانتے ہیں ۔ لیکن احوط یہ ہے کہ اس پر نماز نہ پڑھی جائے ،میت پر نماز پڑھنے کا زیادہ حقدار بنا بر قول مشہور اس کا وارث ہی ہے اور شوہر اپنی بیوی پر نماز پڑھنے میں زیادہ اولویت رکھتا ہے۔ واجب ہے کہ نماز پڑھنے والا قبلہ رخ کھڑا ہو میت کا سراس کی داہنی جانب ہو اور میت کو پشت کے بل لٹا یاجائے اس نماز میں حدث سے پاک ہونے کی شرط نہیں ہے چنانچہ جنب مرد، حیض والی عورت اور بے وضو شخص بھی یہ نماز پڑھ سکتا ہے ،لیکن سنت ہے کہ با وضو ہوکر پڑھی جائے اگر پانی نہ مل سکے یا پانی کے استعمال میں کوئی امر مانع ہویا وقت تنگ ہوتو سنت ہے کہ تیمم کیا جائے اور احادیث کے مطابق کسی عذر کے بغیر بھی تیمم کیا جا سکتا ہے نیز سنت ہے کہ اگر میت مرد کی ہوتو پیش نماز اس کی کمر کے مقابل کھڑا ہو اور اگر عورت کی ہے تو اس کے سینے کے مقابل کھڑے ہوکر نماز پڑھے اور سنت ہے کہ جوتے اتار کر نماز پڑھے اور واجب ہے کہ نماز کی نیت کر کے پانچ تکبیریں پڑھی جائیں ۔ سنت ہے کہ ہر تکبیر پر ہاتھوں کو کانوں کے برابر لایا جائے اور مشہور یہی ہے کہ

پہلی تکبیر کے بعد کہے:

أَشْہَدُ أَنْ لاَ إِلہَ إِلاَّ اللهُ وَأَشْہَدُ أَنَّ مُحَمَّداً رَسُولُ الله۔

میں گواہ ہوں کہ نہیں ہے کوئی معبود مگر الله اور میں گواہ ہوں کہ محمد الله کے رسول ہیں ۔

دوسری تکبیر کے بعد کہے

ِاَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلَی مُحَمَّدٍ وَآلِ مُحَمَّدٍ۔

اے معبود! رحمت فرما محمد و آل(ع) محمدپر ۔

تیسری تکبیر کے بعد کہے:

اَللّٰہُمَّ اغْفِرْ لِلْمُؤْمِنِینَ وَالْمُؤْمِناتِ۔

اے معبود! بخش دے مومن مردوں اور مومنہ عورتوں کو۔

چوتھی تکبیر کے بعد کہے:

اَللّٰہُمَّ اغْفِرْ لِہذَا الْمَیِّتِ۔

اے معبود! بخش دے اس میت کو۔

 پھر پانچویں تکبیر کہہ کر نماز ختم کرے۔ یہ نماز کافی ہے۔ 

http://urdu.duas.org/smallduas/death.htm

Add new comment