بحرینی قیدیوں سے ناروا سلوک کی مذمت

اقوام متحدہ نے آل خلیفہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قیدیوں سے اپنے ناروا سلوک کا جائزہ لے۔

اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے انسداد تشدد نے بحرینی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ رجب نبیل کو انفرادی سیل سے باہر نکالے اور قیدیوں پر کئے جانے والے تشدد اور ٹارچر کے الزامات کی تحقیقات کرے۔

رپورٹ کے مطابق بحرینی حکومت 2016 سے اپنے مخالفین پر بہت زیادہ تشدد کر رہی ہے اورملک کی اہم اپوزیشن پارٹی الوفاق کو بھی کالعدم کر دیا گیا ہے اوربحرین کے معروف مذہبی رہنما شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت کو بھی منسوخ کردیاگیا ہے۔

10 مستقل ارکان پر مشتمل اقوام متحدہ کی انسداد تشدد کمیٹی نے پانچ سال بعد بحرین کے انسانی حقوق کے معاملے کی تحقیقات شروع کی ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ انہیں قیدیوں پر ناروا تشدد اور جرم کئے بغیر زبردستی اعتراف جرم کروانے کے لئے خوفناک تشدد کی بے شمار شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔

اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ آل خلیفہ فوجی عدالتوں میں ہونے والی عام شہریوں کے مقدمات کی سماعت کو فورا بند کردے اور قیدیوں کو فورا بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں خصوصا مختلف جیلوں میں پابند سلاسل افراد کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

Add new comment