العوامیہ میں سعودی سیکورٹی اہلکاروں کے حملے میں چار عام شہری جاں بحق

سعودی عرب کے مشرقی شہر العوامیہ میں سعودی سیکورٹی فورس کے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے-

سعودی عرب کے شیعہ آبادی والے شہر العوامیہ میں مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی سیکورٹی اہلکاروں نے المسورہ محلے میں عام شہریوں پر فائرنگ کر دی-

العوامیہ میں سعودی سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے سعودی شہریوں کے نام علی ابوعبداللہ، جواد داغر اور علی محمد کاظم عقاقہ ہیں جبکہ ایک ہندوستانی شہری بھی سعودی سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ میں جاں بحق ہوا ہے جس کا نام حیدر بتایا گیا ہے-

سعودی عرب کے سیکورٹی اہلکاروں نے العوامیہ شہر کی السید محمد مسجد پر بھی  مارٹر گولے سے حملہ کر کے مسجد کو شہید کر دیا- اس حملے میں بھی سولہ افراد زخمی ہوئے-

انسانی حقوق کے کارکنوں کے پاس پہنچنے والی تصویروں میں دکھایا گیا ہے کہ سعودی سیکورٹی اہلکار، العوامیہ شہر کے المسورہ محلے میں عام شہریوں کے مکانات کو منہدم کرنے کے لئے بھاری ہتھیاروں اور بلڈوزروں کا استعمال کر رہے ہیں-

العوامیہ شہر کے المسورہ محلے میں تیس ہزار لوگ آباد ہیں- سعودی حکام نے المسورہ محلے کا مسلسل محاصرہ کر رکھا ہے اور اس محلے کے باشندوں تک کھانے پینے کی اشیا کی ترسیل پر پابندی عائد کر رکھی ہے-

سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں دو ہزار گیارہ سے آل سعود کے ظالمانہ اقدامات اور تفریق آمیز پالیسیوں کے خلاف عوام کے پرامن مظاہرے جاری ہیں۔

Add new comment