یمن کے زلزال میزائل سے سعودی فوجیوں کی تباہی

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے، دارالحکومت صنعا کے نواحی شہر نہم میں سعودی اتحاد کے ٹھکانوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

صنعا میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ یمنی فوج کے زلزال میزائل کے حملے میں نہم کے علاقے وادی ملح میں سعودی اتحاد کا ایک اہم اڈہ تباہ اور درجنوں فوجی ہلاک ہو گئے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے، نہم کے علاقے جبل عیدہ میں بھی سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر حملے کر کے انہیں بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا۔یمنی شہریوں پر سعودی بمباری اور گولہ باری کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان، سعودی اتحاد اور سعودی فوج کے ٹھکانوں کو مسلسل میزائل حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

یمنی فوج نے کئی بار سعودی عرب کے اندر بھی فوجی اہداف کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

درایں اثنا سعودی اتحاد میں شامل متحدہ عرب امارات کا ایک فوجی، یمن میں ہلاک ہوگیا۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی اپنے ملک کے فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اس سے پہلے بھی جنگ یمن کے دوران، متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

Add new comment