ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے سربراہ سے ملاقات کے خواہشمند

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو اسمارٹ اور میٹھا بسکٹ قرار دیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مناسب ہوا تو وہ خود ان سے ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ ٹی وی انٹرویو کے دوران ٹرمپ ٹاور کی جاسوسی سے متعلق سوال پر انٹرویو سے اٹھ کر چلے گئے۔

واشنگٹن میں امریکی ٹی وی بلومبرگ کو دئے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کم جونگ ان ’اسمارٹ کوکی‘ ہے اور اگر صورتحال بہتر ہوئی اور مناسب ہوا تو وہ ان سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔ اس سے پہلے امریکی ٹی وی سی بی ایس کے ساتھ انٹرویو کے دوران ایک سوال پر ٹرمپ انٹرویو سے اٹھ کر چلے گئے اور اپنے دفتر میں جا بیٹھے جبکہ صحافی کو خود بھی وائٹ ہاؤس سے نکلنا پڑگیا۔

صحافی جان ڈکرسن کا کہنا ہے کہ اگر وہ وائٹ ہاؤس سے خود نہ نکلتے تو انہیں کمرے سے نکال دیا جاتا۔ جان ڈکرسن نے ٹرمپ سے سوال کیا تھا کہ سابق صدر براک اوباما پر ٹرمپ ٹاور کی جاسوسی کے الزامات ثابت نہیں ہوئے اس پر ان کا کیا موقف ہے۔

جس پر ٹرمپ نے صحافی سے کہا کہ میڈیا اسے جو بھی رنگ دے وہ اپنے موقف پر قائم ہیں لیکن رپورٹر ٹرمپ کا موقف معلوم کرنے پر بضد رہے جس پر ٹرمپ سوال کا جواب دیئے بغیر انٹر ویو سے اٹھ کر چلے گئے۔

Add new comment