شمالی کوریا نے ایک اور میزائل تجربہ کر دیا

شمالی کوریا نے تمام تر دھمکیاں بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک اور میزائل تجربہ کر دیا ہے، امریکا اور جنوبی کوریا کے حکام نے شمالی کوریا کا میزائل تجربہ ناکام ہونے کا دعویٰ کیا ہے تاہم شمالی کوریا کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

شمالی کوریا نے ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ تجربہ دارالحکومت پیانگ یانگ کے شمال میں واقع صوبہ جنوبی پیان گین سے فائر کیا گیا۔ اس میزائل تجربے کی اطلاع ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند گھنٹے قبل ہی امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے عالمی برادری سے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو ختم کروانے میں مدد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

شمالی کوریا نے حالیہ مہینوں میں کئی بار میزائل کے تجربات کیے ہیں اور چھٹا جوہری تجربہ کرنے کی بھی دھمکی دے رکھی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کی جانب سے جنگی مشقیں بھی کی جارہی ہیں۔

امریکہ نے بھی خطے میں ایک جنگی جہاز اور آبدوز تعنیات کی ہے۔ اس نے جنوبی کوریا میں اپنے تھاڈ اینٹی میزائل نظام کو بھی نصب کیا ہے جس سے شمالی کوریا میں شدید غم و غصہ ہے۔

Add new comment