امریکہ سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر شمالی کوریا کے خلاف کارروائی سے باز رہے: چین

چینی صدر شی جن پنگ اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ

امریکا اور چین کے صدور کے درمیان ٹیلی فونک رابط ہوا ہے جس میں شمالی کوریا پر بات چیت کی گئی۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے معاملے میں تحمل سے کام لیں۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر کو خبردار کیا کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظوری لیے بغیر کسی بھی کارروائی سے باز رہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین پرامید ہے کہ فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور کسی بھی ایسی حرکت سے گریز کریں گے جس سے جزیرہ نما میں پہلے سے تناؤ کا شکار حالات مزید خراب ہوں۔

چینی صدر نے کہا کہ جوہری معاملہ صرف اسی صورت میں جلد حل کیا جا سکتا ہے جب تمام متعلقہ ممالک ایک ہی سمت میں آگے بڑھیں اور چین قیامِ امن کے لیے امریکہ سمیت تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

چینی صدر کی جانب سے یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جاپان کے دو بحری جنگی جہازوں نے امریکی جنگی بیڑے میں شامل بحری جہازوں کے ساتھ جنگی مشقیں کی ہیں جو جزیرہ نما کوریا کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

یہ بیڑا امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے اس تنبیہ کے ساتھ بھیجا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے جوہری عزائم کے معاملے پر امریکہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔

Add new comment