لاہور میں مردم شماری ٹیم پر خود کش حملہ، 4 فوجی جوانوں سمیت 6 افراد شہید

دھماکے کی شدت اس قدر شدید تھی کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر خود کش حملے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر خود کش دھماکے سے کم از کم 6 افراد جاں بحق جب کہ 18 زخمی ہوئے۔ مردم شماری ٹیم کے اہلکار جن میں پاک فوج کے جوان اور محکمہ تعلیم کے اساتذہ شامل تھے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کے لئے نکلنے لگے تو ایک خود کش بمبار نے خود کو ان کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 افراد شہید ہوئے، شہید ہونے والے دو اہلکاروں کا تعلق سندھ رجمنٹ جب کہ ایک کا 10 ویں ایل این سے تھا اور ان میں سے 3 کی اہلکاروں کی شناخت ریاض، ساجد اور عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تخریب کاروں کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔